KANZUL HIDAYA
FOUNDATION
Login Register
Home Blogs شبِ ولادت مصطفیٰ (ﷺ) سب سے افضل رات
شبِ ولادت مصطفیٰ (ﷺ) سب سے افضل رات
سیرت النبی ﷺ

شبِ ولادت مصطفیٰ (ﷺ) سب سے افضل رات

محمد فرمان ازهرى
محمد فرمان ازهرى
6 نومبر 2026
4 مشاہدات
1 منٹ مطالعہ
 
ماہ ربیع النور جس میں ہمارے آقا(ﷺ) اس دنیا میں جلوہ گر ہوئے اس ماہ مبارک میں ایک رات ہے جس کو "ليلة المولد" کہتے ہیں یعنی حضور (ﷺ) کی ولادت کی رات یہ رات اپنے دامن میں بے شمار رحمتیں اور برکتیں سمیٹے ہوئے ہے جو غلامانِ مصطفیٰ (ﷺ) کا مقدر ہیں ۔۔

رسولِ اکرم (ﷺ) کی یہ ولادت کی رات عام رات نہیں ہے، جیسا کہ بعض لوگ سمجھتے ہیں اور یہ رات یوں ہی گزار دیتے ہیں۔ بلکہ یہ سب سے عظیم راتوں میں سے ایک ہے، سب سے زیادہ مرتبہ والی اور سب سے زیادہ فضیلت والی۔ یہ ہمارے محبوب، سیدنا محمد (ﷺ) کی ولادت کی رات ہے۔ جس کے دل میں نبی کریم (ﷺ) کی محبت ہو وہ اپنی بصیرت سے دیکھ لیتا ہے کہ اس رات میں خیر کی نہریں بہہ رہی ہیں اور نور کی کرنیں چمک رہی ہیں۔

اسی لیے اکثر متاخرین علما اس طرف گئے ہیں کہ میلاد النبی (ﷺ) کی رات "لیلة القدر" اور دیگر تمام راتوں پر فضیلت رکھتی ہے۔ کیونکہ زمانہ اس چیز کی وجہ سے شرف اور عظمت پاتا ہے جو اس میں واقع ہوتی ہے، اور دنیا کا سب سے بڑا واقعہ رسولِ اکرم (ﷺ) کی ولادت ہے۔ پس اسی وجہ سے شبِ میلاد کا شرف تمام راتوں پر غالب ہے۔ 

امام قسطلانی (وصال ٩٢٣ھ)نے اپنی کتاب "المواهب اللدنية بالمنح المحمدية" میں شبِ میلاد کے شبِ قدر پر فضیلت رکھنے کی تین وجوہ ذکر کیں ہیں فرماتے ہیں:
اہم نکتہ:
١. شبِ میلاد وہ رات ہے جس میں حضور (ﷺ) کا ظہور ہوا، جبکہ شبِ قدر آپ کو عطا کی گئی۔ اور جو رات براہِ راست آپ کے وجود کے باعث مشرف ہو وہ اس رات سے افضل ہے جو کسی نعمت کے عطا ہونے کی وجہ سے مشرف ہو۔
٢. شبِ قدر کی فضیلت فرشتوں کے نزول کی وجہ سے ہے، اور شبِ میلاد کی فضیلت رسول اللہ (ﷺ) کے ظہور کی وجہ سے ہے۔ اور وہ ہستی جن کے سبب شبِ میلاد کو شرف ملا، وہ ان فرشتوں سے افضل ہیں جن کے سبب شبِ قدر کو فضیلت ملی۔
٣. شبِ قدر میں امتِ محمدیہ (ﷺ) پر اللہ کا فضل ہوا، لیکن شبِ میلاد میں تمام موجودات پر فضل ہوا کیونکہ اللہ تعالیٰ نے آپ (ﷺ) کو "رحمة للعالمین" بنا کر بھیجا۔ لہذا یہ رات زیادہ عام النفع اور افضل ہوئی۔

علامہ ابو عبد اللہ ابن مرزوق تلمساني (وصال ٧٨١ھ)نے امام قسطلانی کی اس بات کو مزید تقویت دی اور ایک مستقل رسالہ لکھا: "جنى الجنتين في شرف الليلتين"، جس میں انہوں نے بیس سے زائد دلائل دیے کہ شبِ میلاد شبِ قدر سے افضل ہے۔ ان کے اس قول کو امام ابو العباس الونشريسي (وصال ٩١٤ھ)نے اپنی کتاب "المعيار" میں نقل کیا اور اس کی تائید بھی کی۔
ہم دعا گو ہیں مولیٰ ہمیں بھی اس رات کی عظمت کو سمجھنے اور قدر کرنے کی توفیق عطا فرما اور اس شب میں زیادہ سے زیادہ ذکر خیر کی توفیق عطا فرما ۰۰آمین 
محمد فرمان احسنی ازہری 
علم و آگہی کے فروغ کے لیے شیئر فرمائیں:
تمام بلاگز و مضامین کی فہرست